اسلام آباد: ریحام خان کے ڈرائیور سے گاڑی چھیننے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، جس میں بتایا گیا موٹر سائیکل سواروں نے 2 بارگاڑی روک کر اتارنے کی کوشش کی۔
تفصیلات کے مطابق ریحام خان کے ڈرائیور سے گاڑی چھیننے کی کوشش کے واقعے کی ایف آئی آر تھانہ شمس کالونی میں درج کرلی گئی ، ایف آئی آر ریحام خان کے پرسنل سیکرٹری بلال عظمت کی مدعیت میں درج کی گئی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ گزشتہ رات راولپنڈی سے اسلام آباد آتے ہوئے دو مسلح موٹر سائیکل سواروں نے 2 بارگاڑی روک کراتارنے کی کوشش کی، واقعہ سے قبل ریحام خان نے گاڑی تبدیل کی تھی۔
درخواست میں مدعی بلال عظمت نے کہا کہ کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے اور گاڑی روک کر ریحام خان کوڈرانے اور پیغام دینے کی کوشش کی گئی۔
اس حوالے سے ریحام خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ ایک شادی میں شرکت کے بعد واپس آئیں اور کچھ دیر پہلے ہی گاڑی تبدیل کی تھی ، جس کے بعد آئی جے پی روڈ پر اُن کے ڈرائیور اور سیکریٹری کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا۔