اسلام آباد:جے یو آئی کے گرفتار تمام کارکنان کو رہا کر دیا گیا ، مولانافضل الرحمان نے کارکنان کی رہائی کیلئے صبح 9 بجے تک کی ڈیڈلائن دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا الٹی میٹم کام کرگیا، جے یوآئی کےتمام گرفتار کارکناں کو صبح سویرے رہا کردیا گیا، کارکنان کو تھانہ آبپارہ سے شخصی ضمانت پر رہا کیا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتارکارکنوں کی رہائی سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے، ترجمان جے یوآئی نے تمام کارکنان کی رہائی کی تصدیق کردی ہے۔
پولیس ذرائع نے کہا تھا کہ کسی ایم این اے کو گرفتار نہیں کیا گیا، یہ احتجاجاً خود بیٹھےتھے ، صرف مزاحمت کرنے والے لوگوں کو حراست میں لیا تھا۔
یاد رہے مولانا فضل الرحمان نے کارکنان کی رہائی کیلئے صبح نو بجے تک کی ڈیڈلائن دی تھی، رات گئے میڈیا سے گفتگو میں مولانا کا کہنا تھا کہ حکومت گرفتارافرادکوفوری رہاکرے، گرفتارافرادکورہانہ کیاگیاتوتھانہ آبپارہ جائیں گے اور پورا ملک بند کریں گے۔
گذشتہ روز پولیس نے انصارالاسلام فورس کو پارلیمنٹ لاجز سے نکالنے کیلئے آپریشن کیا تھا، اس دوران ایم این اے جمال الدین اورصلاح الدین سمیت کئی افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ سینیٹرکامران مرتضیٰ کوحراست میں لینے کے بعد چھوڑ دیا گیا تھا۔