شمالی امریکی ملک میکسیکو میں پولیس نے ایک خاتون کو حراست میں لے لیا جس نے اپنے بزرگ والد کو گھر کے ایک کمرے میں قید کر رکھا تھا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مقامی پولیس بغیر ادائیگی سامان لے جانے کی شکایت پر مذکورہ خاتون کے گھر پہنچی، جب وہ خاتون کے گھر سے سامان سمیٹ رہے تھے تو انہیں ایک کمرے سے رونے کی آوازیں سنائی دیں۔
چیک کرنے پر پتہ چلا کہ کمرے میں 54 سالہ خاتون کے بزرگ والد موجود تھے جن کی حالت ابتر تھی۔ بیٹی نے 87 سالہ والد کو ان کی مرضی کے خلاف قید کرنے جیسی حالت میں رکھا ہوا تھا۔
جس کمرے میں بزرگ موجود تھے اس کمرے کی حالت نہایت خستہ تھی، کمرا مختلف قسم کے کچرے، خالی بوتلوں اور گندے کپڑوں کے ڈھیر سے بھرا ہوا تھا۔
بزرگ کو لکڑی کے ایک میز نما فریم میں بغیر کسی گدے یا سہارے کے سونے پر مجبور کیا جاتا تھا۔
پولیس نے بزرگ کو وہاں سے نکال کر پہلے ایک کلینک پہنچایا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا بعد ازاں انہیں معمر افراد کے ایک شیلٹر ہوم منتقل کردیا گیا۔
بیٹی کو فی الحال پولیس نے حراست میں لے لیا ہے تاہم یہ غیر واضح ہے کہ ان پر کس نوعیت کے الزامات عائد کیے جائیں گے۔