پاکپتن: پنجاب کے ضلع پاکپتن میں چھوٹا طیارہ بنانے والے محنت کش اور پولیس کے درمیان معاہدہ طے پاگیا جس کے بعد پولیس نے طیارہ فیاض کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او پاکپتن ماریہ محمود کی ہدایت پر پولیس نے محنت کش فیاض کو طیارہ واپس کردیا، فیاض نے تھانہ رنگشاہ میں طیارے کو دوبارہ جوڑ لیا۔
محمد فیاض کا کہنا ہے کہ وہ اپنا تیار کردہ طیارہ واپس ملنے پر بے حد خوش ہے جبکہ سول ایوی ایشن کی ٹیم طیارے کے معائنے کے لیے پاکپتن آئے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکپتن کے علاقے تھانہ رنگشاہ پولیس نے منی طیارہ بنانے والے نوجوان فیاض کو گرفتار کرکے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے عدالت میں پیش کیا تھا۔
مزید پڑھیں: پاکپتن: نوجوان کو منی طیارہ بنانا مہنگا پڑ گیا، پولیس نے حراست میں لے لیا
نوجوان کے خلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ طیارہ بغیر پرمٹ کے بنایا گیا جبکہ اس سلسلے میں حکومتی اجازت نامہ بھی نہیں ہے، نوجوان نے جہاز پر کرتب بھی دکھائے پولیس پہنچی تو جہاز لینڈ کررہا تھا۔
یاد رہے کہ پاکپتن کی عدالت نے جہاز بنانے والے نوجوان کو تین ہزار روپے جرمانہ کرکے چھوڑنے کا حکم جاری کیا تھا، تھانہ رنگشاہ پولیس نے نوجوان فیاض کو ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا تھا۔
نوجوان فیاض کا کہنا تھا کہ جہاز بنانے کے لیے ایک ایکڑ زمین بیچ دی تھی، طیارہ بنانے پر داد دینے کے بجائے ہتھکڑیاں لگادی گئیں، حکومت نوٹس لے۔