لاہور : پولیس نے زمان پارک ہنگامہ آرائی کے دوران گاڑیاں جلانے اور دیگر نقصان سے متعلق رپورٹ آئی جی پنجاب کو ارسال کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں گاڑیاں جلانے کی رپورٹ پولیس نے آئی جی پنجاب کو بھجوادی ہے ، جس میں بتایا گیا ہے کہ 3 واٹرکینن، 8 تھانوں کی گاڑیاں اور 2 پی آریو کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک بس کو جزوی نقصان اور واٹر ٹینکر کو مکمل طور پر جلایا گیا، 3 واٹر کینن کا ساڑھے 58 لاکھ کا نقصان ہوا۔
رپورٹ میں کہنا تھا کہ 42 لاکھ 50 ہزار مالیت کا واٹر ٹینکر مکمل طور پر جلایا گیا، تمام گاڑیوں کا ایک کروڑ 10 لاکھ 90 ہزار کا نقصان ہوا۔
پولیس نے کہا کہ ٹریفک سیکٹر شادمان میں 10موٹر سائیکلوں کوجلایاگیا، موٹر سائیکلوں کی مالیت23لاکھ روپے تھی جبکہ وائر لیس سیٹس اور کمیونیکیشن سسٹم کو 35 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
اس کے علاوہ کیمرے،کمپیوٹرسسٹم چھتریاں اورکونزکی مد میں 11لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا اور پیٹرول بم کی وجہ سے لگنے والی آگ سے روزنامچے کا 3 سالہ ریکارڈ جل گیا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2020 سے لیکر دسمبر 2022 تک تمام چالان بکس بھی جل کر راکھ بن گئیں اور 50 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو زخمی بھی کیا گیا۔