لاہور : پب جی گیم کھیلنے سے روکنے پر بیٹے کے ہاتھوں ماں اور3بہن بھائیوں کے قتل کے واقعے کے بعد گیم پر پابندی کے لیے آئی جی پنجاب کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں تھانہ کاہنہ کی حدود میں پب جی گیم سے متاثر بیٹے کا ماں سمیت تین بہن بھائیوں کو قتل کرنے کا دلخراش واقعے کے بعد ایس ایس پی انوسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ گیم پر پابندی کے لیے آئی جی پنجاب کو لیٹر لکھ دیا گیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ایس ایس پی انسوٹی گیشن عمران کشور کا کہنا تھا کہ پب جی گیم سے نئی نسل میں فائرنگ کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
عمران کشور نے کہا کہ اٹھارہ سالہ زین بھی پب جی گیم کا عادی تھا، ملزم نے گھر میں موجود پسٹل سے ماں، بہنوں اور بھائی کو بے دردی سے قتل کیا۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے بتایا کہ خونی کھیل کوانجام دینے کے بعد قاتل ٹاسک مکمل ہونے کے نشہ میں گھر کے نچلے حصہ میں چین کی نیندسویا رہا۔
عمران کشور کا کہنا تھا کہ علی زین نے اعتراف کیا کہ پب گیم میں بار بار شکست کی وجہ سے ذہنی دباؤ میں اضافہ ہوا، ملزم علی زین نے یہ سوچ کر گولیاں چلائیں کہ گیم کی طرح سب دوبارہ زندہ ہوجائیں گے۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشن کے مطابق گرفتار ملزم نے مجسٹریٹ کے روبرو بیانات میں اپنے جرم کا اعتراف کیا، لاہور میں پب جی گیم کی وجہ سے پہلے بھی ایسے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔