کراچی : شہرقائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شاکر جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس کے مطابق سادہ لباس میں ملبوس اہلکار گھر سے گلبرگ تھانے ڈیوٹی پر جارہا تھا کہ لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان نے اس پرفائرنگ کردی۔
پولیس اہلکار شاکر گولیاں لگنے سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، مقتول کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق اہلکارشاکر اینٹی اسٹریٹ کرائم اسکواڈ میں تعینات تھا، گھر سے ڈیوٹی پرجاتے ہوئے اسے نشانہ بنایا گیا۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے 2 خول ملے ہیں، نائن ایم ایم کے خول فرانزک کے لیے بھجوا رہے ہیں۔
آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعے کا نوٹس لے کر ڈی آئی جی ویسٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔
کراچی : سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزارکے بیٹے کی گاڑی پر فائرنگ
یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی میں کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے ویٹا چورنگی کے قریب سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار کے بیٹے کی گاڑی پرنامعلوم ملزمان نےفائرنگ کی تھی تاہم جسٹس گلزار کے بیٹے سعد محفوظ رہے۔