تازہ ترین

پولیس اہلکار شہریوں کے بعد اب پیٹی بند بھائیوں کوبھی اغواکرنے لگے؟

کراچی : پی کیو آر کے باوردی اہلکار کو مبینہ طور پر پولیس اہلکار کے ہاتھوں اغواء کرائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ، مغوی اہلکار کا الزام لگایا کہ پولیس اہلکار شیراز نے موبائل کے تنازع پر اغوا کیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکار اب شہریوں کے بعد پیٹی بند بھائیوں کو بھی اغواء کرنے لگے؟ بلدیہ چوبیس مارکیٹ کے قریب دن دیہاڑے پی کیو آراے ایس آئی کو مبینہ اغواء کرلیا گیا ، جس کے بعد انکشاف سامنے آیا کہ مغوی اہلکار کومبینہ طور پر پولیس اہلکار رانا شیراز نے اغواء کروایا۔

مغوی اہلکار ایوب نے بیان میں بتایا کہ پی کیو آر میں بطور اے ایس آئی ڈیوٹی انجام دے رہا ہوں، کل اپنے کمانڈر کی ہدایت پرتھانے پہنچا اور آمد کروائی،آمد کروانے کے اپنی ڈیوٹی پر بلدیہ 24 مارکیٹ جارہا تھا،مارکیٹ کے کونے پر پہنچتے ہی کالی کرولا نے آگے آکر روکا۔

مغوی ایوب کا کہنا تھا کہ کار میں تین افراد سول اور ایک پولیس یونیفارم میں تھا، مجھے کہا خود گاڑی میں بیٹھو ورنہ زبردستی لے جائیں گے، میری ان سے ہاتھا پائی ہوئی، انھوں نے میرا اسلحہ اور موٹرسائیکل چھین لی۔

ایوب نے کہا کہ میرے ہاتھ پیچھے باندھ کر میری آنکھوں پر پٹی باندھ دی، مجھے ایک جگہ لے گئے ان کی باتوں سے پتہ چلا مدینہ کالونی تھانہ ہے، مجھے ایک کمرے میں لے گئے اور الگ کمروں میں لے جاتے رہے۔

مغوی اہلکار کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے موبائل سے کمانڈر کو وائس نوٹ کیا تو میرا موبائل چھین لیا، مجھے واپس گاڑی میں بٹھایا اور رات گئے تک اپنے پاس رکھا، رات سوا تین بجے ملیر کورٹ کے قریب ندی کے پاس چھوڑ دیا لیکن میرا اسلحہ اور موٹرسائیکل واپس نہیں کی گئی۔

ایوب نے دعویٰ کیا کہ میرے اغواء میں پولیس اہلکار رانا شیراز ملوث ہے، ایک موبائل فون کے تنازعے پر مجھے رانا شیراز نے دھمکیاں دی تھی۔

اے آر وائے نیوز نے پولیس حکام سے رابطے کی کوشش کی تاہم اے ایس پی مغیث احمد نے متعدد مرتبہ رابطہ کرنے پر بھی فون نہیں اٹھایا، جس کے بعد ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق واقعے سے متعلق تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -