اسلام آباد : ملک بھر میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا، مہم میں پچھتر لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا ئے جائیں گے، مہم کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
ملک کے مختلف شہروں میں تین روزہ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، پچیس نومبر تک جاری انسداد پولیو مہم کیلئے پندرہ ہزار دو سو بارہ ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔
پنجاب کے آٹھ حساس اضلاع میں تین روزہ انسدادِ پولیو مہم شروع کردی گئی، جس میں پانچ سال سے کم عمر انسٹھ لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائینگے، ملتان میں دو ہزار اڑسٹھ ٹیمیں آٹھ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے ویکسین پلائیں گی۔
سکھرمیں انسدادِ پولیو مہم کے دوران نو سو گیارہ ٹیمیں دو لاکھ بانوے ہزار آٹھ سو سینتیس بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔
بلوچستان کے بارہ اضلاع میں پانچ ہزار ایک سو اڑتالیس موبائل ٹیموں، چار سو بیس فکسڈ سائٹس اور چار سو بیاسی ٹرانزٹ پوائنٹس کے ذریعے سولہ لاکھ بچوں کو ویکسین پلائے جائیں گے۔
خیبرپختونخوا اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں بھی آج سے تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع کی جارہی ہے، پولیو مہم کے دوران 56 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم کے دوران 19 ہزار سے زیادہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 22ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکورٹی پر مامور ہوں گے۔
انسداد پولیو مہم کے دوران سیکورٹی کےسخت انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس، رینجرز، ایف سی اور لیویز اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال پاکستان بھر میں پولیو کے 18کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے بلوچستان سے صرف ایک کیس سامنے آیا ہے جبکہ سندھ کے ضلع بدین میں ایک بچی پولیو سے متاثر ہوئی۔