اسلام آباد: پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کی مہم کو دھچکا لگا ہے، جہاں پندرہ ماہ بعد ایک پولیو کیس رپورٹ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نیشنل پولیو لیبارٹری نے شمالی وزیرستان سےپولیو کیس کی تصدیق کردی ہے، یہ ڈیرھ سال بعد پولیو کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، سال دوہزار اکیس جنوری میں قلعہ عبداللہ بلوچستان سے کیس رپورٹ ہواتھا۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا سے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی نشاندہی کی گئی تھی، وائرس کےپھیلاؤ کے روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مہمات چلائی جارہی ہیں۔
نیشنل ای اوسی ڈاکٹر شہزاد بیگ کا کہنا ہے کہ والدین ہر مہم میں بچوں کو پولیو سےبچاؤ کےقطرے ضرور پلوائیں۔
دوسری جانب پولیو کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وزارت صحت میں اہم اجلاس ہوا، وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ وفاقی سیکرٹری ہیلتھ ڈی جی ہیلتھ اور کوآرڈینیٹرپولیو پروگرام بھی شریک ہوئے، جس میں پولیو پروگرام کےکوآرڈینیٹر نے وزیر صحت کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے، یہ مہلک بیماری ہے بچوں کو اس مرض سے بچاناہے۔