سکھر: سندھ میں انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ یو سی نیو سکھر پہنچ گئے، جہاں انھوں نے خود گھروں کے دروازے کھٹکھٹائے اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کی ہدایت کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انسداد پولیو مہم کے دوران سکھر کا دورہ کیا، یو سی نیو سکھر میں انھوں نے شہریوں سے مل کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی ترغیب دی۔
انھوں ںے کہا پولیو کے قطرے آپ کے بچوں کو اپاہج ہونے سے بچاتے ہیں، وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر والدین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا پولیو کے قطرے بچے کے صحت مند مستقبل کو یقینی بناتے ہیں، والدین کی ہچکچاہٹ کی وجہ سے میں نے آپ کے دروازے پر دستک دی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے گھر گھر دستک دے کر بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے، انھوں نے کہا ہم نے پولیو کا خاتمہ کر کے دنیا کے شانہ بشانہ چلنے کا عہد کیا ہے، مہم میں شامل ہو کر اپنی انسداد پولیو ٹیموں کی محنت کو سلام پیش کرتا ہوں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ساتھ صوبائی وزرا ناصر شاہ، مکیش چاؤلہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیو ورکرز پر حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہو گیا تھا، صدر مملکت آصف زرداری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گرد پاکستان کے عوام کو صحت مند اور خوش حال نہیں دیکھنا چاہتے، پاکستان کے عوام بڑھ چڑھ کر پولیو مہم میں حصہ لیں۔