صوبہ سندھ میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کے رواں سال 43000 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں صرف کراچی سے 41 ہزار 800 کیسز شامل ہیں۔
سندھ کے صوبائی اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کے 43 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں حیرت انگیز طور پر کراچی میں 41 ہزار 800 سے زائد کیسز شامل ہیں، جو صوبہ بھر کا 97 فی صد بنتا ہے، سندھ کے باقی اضلاع میں انکار کرنے والوں کی تعداد صرف 1124 ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے صوبائی ترجمان نوفل نقوی کا کہنا ہے کہ انکار کے کیسز بچوں کی کُل آبادی کا ایک فی صد سے بھی کم ہیں۔ ان کے مطابق 5 سال پہلے اس طرح کے کیسز کی تعداد تقریباً 90 ہزار سے ایک لاکھ تھی۔ نوفل نقوی نے شہر میں آبادی کی مسلسل نقل و حرکت کو وائرس کی مسلسل موجودگی کی اہم وجہ قرار دیا ہے۔