اسلام آباد: سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے یقین دہانی کروائی ہے کہ انسداد پولیو مہم کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی معلومات پاکستان کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے انسداد پولیو مہم بابر بن عطا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آگاہ کیا کہ ’فیس بک نے مجھ سے باقاعدہ رابطہ کر کے یقین دہانی کروائی ہے کہ پولیو کے خاتمے میں پاکستان کا ساتھ دیں گے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ فیس بک نے یہ بھی یقین دلایا کہ انسداد پولیو مہم سے متعلق پروپیگنڈا پھیلانے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائے گی اور ایسے تمام اکاؤنٹس و پیجز کی معلومات بھی پاکستان کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: ساڑھے 3 سال کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق
بابر بن عطا کا کہنا تھا کہ پاکستان انسداد پولیو پروگرام بہت جلد پروپیگینڈا کرنے والے عناصر کی معلومات بھی فیس بک کے ساتھ شئیر کرے گا تاکہ مخصوص ذہنیت کے لوگوں کی نشاندہی کی جاسکے۔
فیس بک نے مجھ سے باقائدہ رابطہ کر کے یقین دہانئ کروائی ہے کہ پولیو کے خاتمے میں پاکستان کا ساتھ دیں گے اور انسدادِ پولیو مہم سے متعلق منفی پرپیگینڈہ کے خلاف موثر کاروائی کی جائےگی۔ پاکستان انسداد پولیو پروگرام بہت جلد ان سے پرپیگینڈہ کرنے والے عناصر کی معلومات شئیر کرے گا- https://t.co/JWGaG7jCHd
— Babar Atta (@babarbinatta) April 4, 2019
یاد رہے کہ پولیو کے خاتمے اور مہم کو کامیاب کرنے کے لیے حکومت پاکستان نے حتمی فیصلہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
حکومت پاکستان نے فیس بک، یوٹیوب انسداد پولیو مہم کے خلاف موجود مواد ہٹانے کے لئے ہنگامی مراسلہ جاری کیا تھا۔ حکومت نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو کے خاتمےمیں والدین کے انکار کا سامنا ہے، کیونکہ فیس بک، یو ٹیوب پر پولیو فری مہم کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جاریا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بچوں کو پولیو ویکسین نہ پلوانے پر فواد خان کے خلاف مقدمہ درج
حکومتی اعداد و شمار کے میں بتایا گیا تھا کہ منفی پروپیگنڈے کے باعث ایک لاکھ سے زائد بچے ویکسین سے محروم رہ جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ ایک جانب جہاں حکومت پاکستان زور شور سے پولیو کے خلاف سرگرم ہے اور پولیو کے قطرے پلانے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے، وہیں شعور کی کمی اور منفی پروپیگنڈے کی وجہ سے چند مسائل بھی درپیش ہیں، جن کے سدباب کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔