پشاور : کرک اور بنوں میں پولیو ٹیم پر حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک پولیو ورکر اور اہلکار زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کرک، بنوں اور لکی مروت میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کرک میں بانڈہ داؤد شاہ کے مقام پر نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کیا۔
حملے میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور پولیو ورکر زخمی ہوا اور حملہ آور فرار ہوگئے، پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔
بنوں میں تھانہ صدر کی حدود میں پولیو اہلکار پر فائرنگ کی گئی، جس سے اہلکار حیات اللہ خان زخمی ہوگیا۔
حیات اللہ کے خاندان کی پرانی دشمنی ہے تاہم مسلح حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔
لکی مروت میں تھانہ ڈڈیوالہ کی حدود میں دہشت گردوں نے حملہ کرکے انسداد پولیو ٹیم سے سامان چھین لیا، پولیس کا کہنا ہے سامان چھیننے کے بعد دہشت گردوں نے انسداد پولیو ٹیم کو چھوڑ دیا، انسداد پولیو ٹیم ڈیوٹی کے بعد مقامی اسپتال واپس جا رہی تھی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کرک پولیو ٹیم پر حملے کی اعلی حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے اور حملہ میں پولیس اہلکار کی شہادت پر دلی افسوس ہوا۔
فیصل کریم کا کہنا تھا کہ زخمی پولیو ورکر کو ہر ممکن علاج کی فراہمی یقینی بنائی جائے، پولیو ورکرز پر حملہ پاکستان اور انسانیت دشمن قوتوں کی سازش ہے۔
چئرمین پی پی بلاول بھٹو نے بنوں،کرک میں پولیوٹیموں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے گورنر کے پی سے رپورٹ طلب کرلی۔
پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ پولیو ورکرزاور ٹیم کی سکیورٹی پرمامور پولیس اہلکارکی شہادت پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیومہم کی کامیابی کیلئےپولیوورکرزکاتحفظ انتہائی ضروری ہے، خیبرپختونخواحکومت پولیوورکرز کے تحفظ اورمہم کی کامیابی کو یقینی بنائے۔