تازہ ترین

ملک کے 12 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق

اسلام آباد: قومی انسداد پولیو پروگرام نے ملک کے 12 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، وائرس کی موجودگی کے بعد پولیو ویکسی نیشن کی عمر کی حد بھی بڑھا کر 10 سال کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی انسداد پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ ملک کے 12 بڑے شہروں کے سوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ سیوریج میں پی ون پولیو وائرس کی تصدیق خطرے کی گھنٹی ہے۔

جن شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے ان میں پشاور، لاہور، کراچی، راولپنڈی، مردان، بنوں، وزیرستان، حیدر آباد، سکھر اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وائرس کی موجودگی پر پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

خیال رہے کہ 2 ماہ قبل بھی کراچی، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، سکھر، قلعہ عبد اللہ، کوئٹہ، ڈیرہ اسمعٰیل خان، پشاور اورجنوبی وزیرستان کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی تھی۔

گزشتہ ماہ کراچی کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کے سبب محکمہ صحت سندھ نے 2 ہزار ویکسین سینٹر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں برس اب تک 6 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے 2، 2 خیبر پختونخواہ اور قبائلی علاقوں اور 1، 1 پنجاب اور سندھ میں ریکارڈ کیا گیا۔

Comments

- Advertisement -