کراچی: شہر قائد سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ایم کیو ایم پاکستان کے فیصل سبزواری جب کہ خاتون کی نشست پر خالدہ اطیب امیدوار ہیں، دونوں رہنماؤں کے سیاسی کیریئر پر یہاں ایک نظر ڈالی گئی ہے۔
فیصل سبزواری کا سیاسی کیریئر
فیصل سبزواری 1975 میں پیدا ہوئے، انھوں نے ایم کیو ایم کی طلبہ تنظیم APMSO سے وابستگی اختیار کی تھی، جامعہ کراچی میں شعبہ معاشیات میں تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ہی انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان میں داخلہ لیا اور ملکی اور غیر ملکی ممتاز ترین آڈٹ اور ٹیکس فرمز میں ٹریننگ حاصل کی۔
فیصل سبزواری ایم کیو ایم کے مرکزی شعبہ اطلاعات سے وابستہ رہے اور بعد ازاں APMSO کی مرکزی کمیٹی کا کئی برس حصہ رہنے کے بعد اس کے چیئرمین منتخب ہوئے۔
فیصل سبزواری 2002 میں ایم کیو ایم کے سب سے کم عمر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے، بعد ازاں 2008 اور 2013 میں بھی رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔
اس دوران وہ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور 2 مواقع پر وزیر برائے امور نوجوانان بھی رہے۔ فیصل سبزواری اس وقت ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن ہیں اور پہلی بار سینیٹ کا انتخاب لڑ رہے ہیں۔
خالدہ اطیب کا سیاسی کیریئر
خالدہ اطیب کی ایم کیو ایم سے 1987 سے وابستگی ہے، وہ ایم اے پولیٹیکل سائنس، بی ایڈ، اور ایل ایل بی ہے۔
وہ ایم کیو ایم میں مختلف شعبہ جات میں ذمے داریاں انجام دے چکی ہیں، جن میں سندھ تنظیمی کمیٹی، شعبہ اطلاعات، خطوط کمیٹی شامل ہیں، موجودہ ذمہ داری کے حوالے سے وہ شعبہ خواتین کی جوائنٹ انچارج ہیں۔