اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی وفاق میں حکومت سازی کے لیے بنی گالہ میں جوڑ توڑ عروج پر ہیں اور کپتان کےصلاح مشورے اور سیاسی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ وزرائےاعلیٰ کے ناموں پر آج پھر غور ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مرکز میں حکومت سازی کیلئے تحریک انصاف کی کوششیں جاری ہے، پنجاب کے بعد جہانگیر ترین کراچی کے مشن پر لگ گئے، جہانگیر ترین ایم کیوایم رہنماعامر خان اور خالد مقبول سےملاقات کریں گے اور ایم کیو ایم کو حکومت سازی میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔
ق لیگ، عوامی مسلم لیگ، بی اے پی، جی ڈی اے کی تحریک انصاف کو پہلے ہی حمایت حاصل ہے جبکہ خانیوال سے کامیاب آزاد امیدوار فخر امام بنی گالہ پہنچ گئے ہیں۔
پنجاب میں علیم خان وزارت اعلیٰ کے مضبوط امیدوار
دوسری جانب وزرائے اعلیٰ کے ناموں پر آج پھر غور ہوگا، پنجاب میں علیم خان وزارت اعلیٰ کے مضبوط امیدوار ہیں ، جس کی جہانگیر ترین نے بھی حمایت کردی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے وزیرخارجہ بننے سے بھی معذرت کرلی، جس کے بعد فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی بھی وزیراعلیٰ بننے کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں ، شاہ محمود قومی اسمبلی کی نشست چھوڑ کر صوبائی نشست پر لڑنے پر غور کر رہے ہیں۔
پرویز خٹک کو دوبارہ وزیراعلیٰ بنائے جانے کا امکان
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی دوڑ میں 3 نام شامل ہیں ، پرویز خٹک کو دوبارہ وزیراعلیٰ بنائے جانے کا امکان ہیں جبکہ عاطف خان بھی مضبوط امیدوار ہے اور اسد قیصر کے نام پر بھی مشاورت جاری ہے۔
اگر پرویزخٹک کو قومی اسمبلی کی نشست رکھنا پڑی تو وزیراعلیٰ عاطف خان ہوسکتے ہیں، قومی اسمبلی میں مطلوبہ ووٹ پورے ہوگئے تو پرویز خٹک صوبائی نشست ہی رکھیں گے۔
یاسمین راشد کو بھی اہم ذمہ داری سونپے جانے کا امکان ہے، یاسمین راشد کو مخصوص نشست سے اسپیکر پنجاب اسمبلی بنائے جانے کا امکان ہے، جس کے لئے عمران خان نے یاسمین راشد کو بھی بنی گالہ بلالیا ہے۔
پی ٹی آئی کل تک مرکزاور پنجاب میں حکومت سازی کا اعلان کرسکتی ہے۔