کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سیدمنورحسن کے سیاسی مخالفین بھی ان کی دیانت اور اصول پسندی کےمعترف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کے انتقال پر ان کے صاحبزادے سید طلحہ منور، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ودیگر ذمہ داران سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ سید منور حسن کے بارے میں جتنا پڑھا اور دیکھا اس سے معلوم ہوا کہ وہ انتہائی سچے آدمی تھے، سید منور حسن قاضی حسین احمد کے ساتھیوں میں سے تھے۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے اور پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے آج تعزیت کرنے آیا ہوں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری پاکستان محمد اصغر، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، سیکریٹری کراچی عبدالوہاب، امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔