سرگودھا: وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے کہا ہے کہ سرحدوں پر کشیدگی چل رہی ہے اور فوجی جوان مادرِ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نذارنے پیش کررہے ہیں مگر دوسری طرف دھرنے کے نام پر ڈانس پارٹیاں جاری ہیں۔
سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہودنے کہا کہ سرحدوں پر کشیدگی جاری ہے اور فوجی جوان جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں مگر افسوس کی بات ہے کہ دوسری طرف دھرنے کے نام پر ڈانس پارٹیاں چل رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کے تحفظ کی خاطر پاکستانی حکومت، قوم اور عوام بھارت کو کسی بھی جارہیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار کھڑے ہیں اور اس کی حفاظت و سالمیت کے لیے خون کا آخری قطرہ تک دینے کے لیے تیار ہیں۔
پڑھیں: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، 2 فوجی اہلکار شہید، وزیراعظم کی شدید مذمت
تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ پر تبصرہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ’’سرحدوں پر ہمارے فوجی جوان اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور دوسری طرف پی ٹی آئی کی قیادت دھرنے کے نام پر ڈانس پارٹیوں کا انعقاد کررہی ہے‘‘۔
مزید پڑھیں: پاکستان سے بھارتی فوجی کو چھڑانے کیلئے اقدامات کریں گے، راج ناتھ سنگھ
رانا مشہود نے پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل صورتحال میں ڈانس پارٹیوں کے انعقاد پر تحریک انصاف کو شرم آنی چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر، بلدیاتی اور ہونے والے ہر ضمنی انتخابات میں عوام ناچ گانے والی پارٹی کو مسترد کرچکی ہے مگر تحریک انصاف اور اُس کے سربراہ ’’میں نہ مانوں‘‘ کی پالیسی پر گامزن ہے اور 2018 کے انتخابات کا انتظار کرنے کے بجائے دھرنوں، جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رائے ونڈ مارچ قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا،عمران خان
رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے لیے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور عمران خان کی خواہشات ایک جیسی اہمیت رکھتی ہیں، پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ پانامہ سے راہ فراراختیارکرنے کے بجائے ٹی او آر کمیٹی میں بیٹھے تاکہ احتساب کےقانون کو عملی طور پر لاگو کیا جاسکے۔