کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گلستان جوہر کے علاقے میں ایک سیاسی جماعت کے الیکشن دفتر کے سامنے موجود درخت کاٹ دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق حلقہ این اے 243 میں یہ درخت ایک سیاسی جماعت کے الیکشن دفتر کو واضح کرنے کے لیے کاٹے گئے جو درختوں کی آڑ میں چھپا ہوا تھا۔
کاٹے جانے والے درختوں کی تعداد 6 تھی۔
واقعے کے اگلے ہی روز سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہوگئیں جس کے بعد مذکورہ جماعت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بے دریغ درختوں کی کٹائی کی گئی جس کے باعث شہر کے درجہ حرارت میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔
گزشتہ چند سالوں سے ہیٹ ویو باقاعدگی سے کراچی کو اپنا نشانہ بنا رہی ہے اور شہریوں کو سایہ میسر کرنے کے لیے نہ ہی تو سایہ دار درخت ہیں نہ ہی سرسبز مقامات۔
گرمی کی شدت میں اضافے کو دیکھتے ہوئے حکومت اور عام شہریوں کی جانب سے شجر کاری کی جارہی ہے تاہم یہ ناکافی ہے اور منصوبہ بندی کے تحت بڑے پیمانے پر شجر کاری کی ضرورت ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔