کراچی: ٹیپو سلطان ولیس نے کارروائی کرکے سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا ،ملزم 18 وارداتوں میں ملوث ہے،ملزم نے اہم انکشافات کیے ہیں،مبینہ ٹاؤن پولیس نے اسٹریٹ کرائمز کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
جرائم کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والوں کی کارروائیاں جاری ہیں، ٹیپو سلطان پولیس ٹارگٹ کلر حامد غوری کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق ٹارگٹ کلر کا تعلق سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے ہے،گرفتار ملزم 18 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے۔
گرفتار ملزم نیو کراچی میں سیاسی پارٹی کا سیکٹر انچارج تھا اور علاقے میں قتل،بھتہ خوری ،جلاؤ گھیراؤ اور دیگر سنگین جرائم اسی کے حکم پر ہوتے تھے۔
اطلاعات کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلرحامد عرف غوری نے دوران تفتیش کئی انکشافات کردیے۔
ایس پی گلشن ڈاکٹر فہد کے مطابق گرفتار ملزم نے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں 2008ء میں لیاقت کو قتل کیا،2011 میں مسلم ولد سلیم حسین کو گودھرا کیمپ کے قریب قتل کیا اور 2013 میں سیاسی جماعت کے کارکن اسلم کو اقصیٰ مسجد سیکٹر ایف الیون میں قتل کیا جبکہ کامران عرف کامی کو منگھوپیر روڈ پر قتل کیا۔
ایس پی گلشن کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر نے 2011 میں مذہبی جماعت کے کارکن شعیب کو نیو کراچی نالہ اسٹاپ پر قتل کیا،مذہبی جماعت کے کارکن شاہ فیصل کو بلال مسجد نیو کراچی میں قتل کیا۔
ملزم نے رکشے میں سوار دو افراد کو 2011 میں قتل کیا جن کا تعلق مذہبی جماعت سے تھا اور سیاسی جماعت کے کارکن منا کو ہوٹل پر قتل کیا، ایس پی گلشن کے مطابق ملزم کو ٹیپو سلطان پولیس نے کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا۔
دریں اثنا مبینہ ٹاؤن پولیس نے اسٹریٹ کرائمز کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول، 11 موبائل فونز اور چھینی ہوئی تین موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔