اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

پولیٹیکل سیٹلمنٹ اسٹیبلشمنٹ ہی کراسکتی ہے، مونس الہٰی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : ق لیگ کے مرکزی رہنما اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے مونس الہٰی نے کہا ہے کہ ہم اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے تیار ہیں، پولیٹیکل سیٹلمنٹ اسٹیبلشمنٹ کراسکتی ہے۔

یہ بات انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سے ہم اعتماد کا ووٹ کب لیں گے یہ فیصلہ عمران خان ہی کریں گے، ہوسکتا ہے کہ 11 جنوری سے پہلے ہی اعتماد کا ووٹ لے لیں۔

مونس الہٰی نے کہا کہ چیف سیکریٹری کو کس نے ڈی نوٹیفائی کے نوٹیفکیشن پر دستخط کیلئے راضی کیا؟ اس کی تحقیقات کررہے ہیں، ن لیگ نے جو کچھ کیا وہ ان کو الٹا پڑا ہے، گورنر پنجاب نے اپنے نجی وکیلوں سے رائے لے کر فیصلہ کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہمارے بندے توڑنے کیلئے منڈی تو ن لیگ نے لگانی ہے، پہلے سندھ ہاؤس اور اسلام آباد میں جو منڈی لگی اس کا تو سب کو معلوم ہے۔

ماموں کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا ہے میرا نہیں : 

مونس الٰہی کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ماموں کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا ہے میرا نہیں ہوا، شجاعت حسین کے بچوں نے انہیں مس گائیڈ کیا۔

جب سے سیاست میں آیا ہوں شجاعت حسین اور پرویز الٰہی مجھے بتاتے رہے کہ شریفوں نے ہمیشہ دھوکا دیا، عمران خان کا ساتھ دینے سے متعلق حسین الٰہی نے اپنے والد اور میں نے اپنےوالد کو رضامند کیا تھا

 : ہمارے نمبرز  پورے ہیں 

ق لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ کوئی پاگل ایم پی اے ہی ہوگا جو اس صورتحال میں غائب ہوجائے گا، پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبرز پورے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صدر مملکت عارف علوی سے بھی بات چیت کررہے تھے اس وجہ سے بھی 6دن لئے، ہم نے اپنی رائے دی، عمران خان نے اپنا فیصلہ بتایا، چیف سیکریٹری کو کس نے راضی کیا اس کی تحقیقات کررہے ہیں۔

 : سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر تفصیلی بات نہیں ہوئی 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے نمبر پر ابھی تک پی ٹی آئی سے تفصیلی بات چیت نہیں ہوئی، تاہم عمران خان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات ہوئی ہے۔

مونس الہٰی نے کہا کہ سال 2018میں کئی نشستوں پر ہمیں الیکشن لڑنے نہیں دیا گیا لیکن اس وقت سیاسی لوگ سیاسی لوگوں سے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کیلئے بات کررہے ہیں۔

2018انہوں نے کہا کہ میں جب الیکشن لڑنے نہیں دیا گیا تو میں نے کہا یہ تو ہمارےخاندان کی سیٹ ہے، 2018میں مجھے کہا گیا کہ آپ ضمنی الیکشن لڑ لیجئے گا۔مجھے علیم خان اور جہانگیر ترین نے کہا تھا کہ یہ آپ کی نہیں پی ٹی آئی کی سیٹ ہے، 2018میں سیٹ پر بات کرنے کے اگلے دن میرا نیب کا نوٹس نکل آیا۔

ابھی تک ہمیں کوئی ہدایت نہیں دی گئی : 

رہنما ق لیگ مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ 2018کے الیکشن کے بعد بھی جو ہوتا رہا وہ سب کے سامنے ہے، ابھی تک ہمیں کوئی ہدایت نہیں دی گئی، عمران خان کو جب سے ہٹایا گیا ہر معاملے میں اللہ نے انہیں سرخرو کیا، اب پاکستان تبدیل ہوچکا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں