کراچی : سیاسی رہنماؤں نے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے گیس معاملے پر وفاق اور سوئی سدرن کو وارننگ کا خیر مقدم کیا ہے، کچھ رہنماؤں نے اس اقدام پر تنقید بھی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اراکین سندھ اسمبلی نے گیس کی پیداوار اور فراہمی کے حوالے سے وزیر اعلی سندھ کے اختیار کردہ موقف کی تائید کر دی ہے جبکہ پی ٹی آئی نے بیان کو سندھ کا رڈ کھیلنے کی کوشش قرار دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطالبے کی حمایت کرتا ہوں، حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ گیس پر وزیراعلیٰ سندھ کے موقف سے اتفاق کرتا ہوں اور وزیراعلیٰ سندھ کے مطالبے کی حمایت کرتا ہوں، سندھ کی انڈسٹری کو مطلوب گیس فراہم کی جانی چاہئے، دھمکیاں دیناوزیراعلیٰ سندھ کو زیب نہیں دیتا ہے۔
گیس کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ کا موقف درست ہے، سید سردار احمد
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید سردار احمد گیس کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ کا موقف درست ہے، جبکہ رہنما ایم کیوایم محمد حسین نے کہا کہ ہم نے گیس کیلئے آواز اٹھائی تو پی پی نے حمایت نہیں کی، الیکشن کی وجہ سے مسائل اسمبلی میں اٹھائے جارہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ ابھی ٹکٹ لیں وزیراعظم سے ملاقات کریں۔
پیپلزپارٹی نے سندھ کارڈ کھیلنا شروع کردیا ہے، علی زیدی
تحریک انصاف نے وزیر اعلی کے بیان کو سندھ کا رڈ کھیلنے کی کوشش قرار دے دیا، پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا سیاسی معاملات غنڈاگردی سے حل نہیں ہوتے، پیپلزپارٹی نے سندھ کارڈ کھیلنا شروع کردیا ہے۔
علی زیدی نے کہا سوئی سے گیس نکلتی ہے، مگرڈیرہ بگٹی کونہیں دی جاتی ہے، ہم حکومت میں ہوتے تو معاملے پربات چیت کرتے،گیس کے معاملے کو بدمعاشی سے حل نہیں کیاجاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ پہلے صوبے کی ذمہ داری توپوری کریں، افتخارعالم
رہنماپی ایس پی افتخارعالم کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگ صاف پانی کوترس رہے ہیں،وزیراعلیٰ جواب دیں، وزیراعلیٰ سندھ پہلے صوبے کی ذمہ داری توپوری کریں، حکومت اپنی ذمہ داریوں سے جان چھڑانے کی کوشش کررہی ہے، الیکشن کی وجہ سے مسائل اسمبلی میں اٹھائے جارہے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے وزیراعلیٰ سندھ کی گیس سے متعلق وارننگ کو کمپنی کی مشہوری قرار دیدیا اور کہا کہ کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ، یہ خود قبضہ گروپ ہیں، خود کو زندہ رکھنے کی ناکام کوشش ہے۔
مزید پڑھیں : گیس نہیں ملی تو سندھ سے سپلائی بند کردیں گے‘ وزیراعلیٰ سندھ
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی ہمیں پلانٹ کے لئے گیس فراہم نہیں کررہی، گیس نہ دی گئی تو پورے ایوان سے مدد مانگوں گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ وفاق، سوئی سدرن گیس کمپنی کو وارننگ دے رہا ہوں، ہمیں گیس نہ ملی تو سندھ سے جانیوالی گیس بند کریں گے، سندھ سے نکلنے والی گیس پر پہلا حق اس صوبے کا ہے۔