ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

پنجاب سے سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن مد مقابل

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : گورنر پنجاب چوہدری سرور کے استعفیٰ کے باعث پنجاب سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست انتخاب کے لئے پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ جاری ہے، تحریک انصاف کے ڈاکٹر شہزاد وسیم اور ن لیگ کے خواجہ احمد حسان مدمقابل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کے استعفیٰ کے باعث خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر انتخاب آج ہو رہا ہے، تحریک انصاف نے سابق وزیر مملکت برائے داخلہ ڈاکٹر شہزاد وسیم جبکہ نون لیگ نے اپنے مرکزی رہنما خواجہ احمد حسان کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔

انتخاب کے لئے پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ جاری ہے، آج صوبائی اسمبلی کے تین سو چوؤن ارکان حصہ لیں گے۔

پیپلز پارٹی نے ن لیگ کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

تحریک انصاف کے امیدوار کو نون لیگ کے امیدوار کی نسبت انیس ووٹوں کی برتری حاصل ہے لیکن نون لیگ پی۔پی کی حمایت کے ساتھ ایک بڑے مقابلے کی توقع کررہی ہے۔

پولنگ صبح دس بجے شروع ہونے والی پولنگ شام چار بجے تک بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گی، صوبائی الیکشن کمشنر پریزائیڈنگ افسر کے فرائض انجام دیں گے۔

تحریک انصاف کو اپنے حمایتیوں سمیت ایک سو پچاسی ، نون لیگ کو پی پی کے ارکان کے ساتھ ایک سو چھیاسٹھ کی حمایت حاصل ہے جبکہ تین آزاد ارکان بھی حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

دوسری جانب ن لیگ کے امیدوارخواجہ احمدحسان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا آج کے انتخاب میں سرپرائز دے سکتے ہیں، کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔

خواجہ احمدحسان کا کہنا تھا کہ ووٹ کےلیےتمام ارکان سےدرخواست کی ہے، مقابلہ سخت ہوگا، جیت آسان نہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں