جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

ماحولیاتی آلودگی دنیا بھر میں سالانہ 90 لاکھ افراد کی قاتل

اشتہار

حیرت انگیز

دنیا بھر میں ماحولیاتی آلودگی میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ایک حالیہ تحقیق کے مطابق یہ اس قدر خطرناک ہوچکی ہے کہ دنیا میں سالانہ 90 لاکھ افراد کو موت کا شکار کر رہی ہے۔

ماحولیاتی آلودگی سے متعلق بین الاقوامی میڈیکل جرنل لنسیٹ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر میں ہر 6 میں 1 شخص ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے ہلاک ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ ماحولیاتی آلودگی میں آبی اور فضائی آلودگی دونوں شامل ہیں۔

لنسیٹ کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی یہ شرح جنگوں یا تمباکو نوشی کے باعث ہلاکتوں کی شرح سے بھی زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق آلودگی سے سب سے زیادہ ہلاکتیں بھارت میں ہوتی ہیں جہاں سالانہ 25 لاکھ افراد ماحولیاتی آلودگی کے ہاتھوں موت کے گھاٹ اتر جاتے ہیں۔

دوسرے نمبر پر چین ہے جہاں کی فضائی آلودگی روزانہ 4 ہزار افراد کو موت کے منہ میں پہنچا دیتی ہے۔

اس سے قبل یونیورسٹی آف کیلی فورنیا میں کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ چین میں ہر سال 16 لاکھ اموات آلودگی کے باعث پیدا ہونے والے امراض قلب، پھیپھڑوں کے امراض اور فالج کے باعث ہوتی ہیں۔

مزید پڑھیں: فضائی آلودگی دماغی بیماریاں پیدا کرنے کا باعث

دراصل چین میں کوئلے کا استعمال توانائی کے حصول کا اہم ذریعہ ہے اور یہی چین کی فضا کو جان لیوا حد تک آلودہ کرنے کا سبب بھی ہے۔

لنسیٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور روس بھی مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔ امریکا چین کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا کوئلے کا استعمال کنندہ ہے۔

دوسری جانب برطانیہ میں بھی سالانہ 50 ہزار افراد ماحولیاتی آلودگی سے ہلاک ہوجاتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی دنیا بھر کے لیے بحران بنتی جارہی ہے۔ بعض ماہرین کا ماننا ہے کہ دھویں اور آلودگی کے باعث ہونے والے موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج آئندہ آنے والے چند برسوں میں دہشت گردی سے بھی بڑا مسئلہ بن جائے گا۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں