سرینگر: پونچھ کمیونٹی نے 4 معصوم کشمیریوں کے قاتلوں کے خلاف درج ایف آئی آر میں ملزمان کو نامزد کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی حراست میں چار کشمیریوں کی ہلاکت پر پونچھ کمیونٹی نے برہنہ ہو کر احتجاجی پریس کانفرنس کی ہے، جس میں انھوں نے 7 دن میں درج ایف آئی آر میں ملزمان کو نامزد کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے پونچھ کمیونٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مودی سرکار جب معاملہ دبا نہ سکی تو نامعلوم افراد کے نام پر ایف آئی آر درج کر دی گئی، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ غلام مصطفیٰ، محمد رفیق، ارشاد اور جگی نامی افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
پونچھ کمیونٹی کا کہنا تھا کہ مقتولین کے ورثا کو ایف آئی آر درج کروانے اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانے پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں، وزیر دفاع راج ناتھ، ایس ایس پی پونچھ اور جموں و کشمیر انتظامیہ سے اس سلسلے میں منصفانہ انکوائری کا مطالبہ ہے۔
پونچھ کمیونٹی نے ایف آئی آر درج کرنے کے لیے 7 روز کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔