تازہ ترین

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بُری خبر

اسلام آباد: انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بری...

بہت جلد فوج سے مذاکرات ہوں گے، شہریار آفریدی کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک...

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

پوپ فرانسس کی ٹرمپ کو کلائمٹ چینج پر توجہ دینے کی ہدایت

ویٹی کن سٹی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پوپ فرانسس سے ملاقات کے دوران پوپ نے انہیں ایک خط تحفتاً دیا جس میں موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج سے نمٹنے کی ہدایت کی گئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنی اہلیہ اور دختر کے ہمراہ ویٹی کن سٹی کا دورہ کیا تھا جس کے دوران انہوں نے عیسائیوں کےمذہبی پیشوا پوپ فرانسس سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے روایت کے مطابق ایک دوسرے کو تحائف دیے۔ صدرٹرمپ نے پوپ کو امریکی رہنما مارٹن لوتھر کنگ کی جدوجہد کے بارے میں مبنی کتابوں کا سیٹ پیش کیا۔

جواباً پوپ نے انہیں ایک دستاویزی خط تحفے میں دیا جس میں انہوں نے کلائمٹ چینج، دہشت گردی اور امن عامہ سے متعلق لکھا ہے۔

مزید پڑھیں: لیونارڈو، ٹرمپ کو قائل کرنے میں کتنے کامیاب؟

ذرائع کے مطابق پوپ نے ٹرمپ سے گفتگو کے دوران بھی کلائمٹ چینج کا ذکر کیا۔

بین الاقوامی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ پوپ نے صدر ٹرمپ کو پیرس معاہدے سے دستبردار نہ ہونے کی بھی تاکید کی جس کی مخالفت ٹرمپ پہلے ہی کرچکے ہیں۔

روانگی کے وقت صدر ٹرمپ کا کہنا تھا، ’بہت شکریہ پوپ، آپ نے جو کچھ کہا میں اسے یاد رکھوں گا‘۔

ٹرمپ کی ماحول کے لیے دشمن پالیسیاں

یاد رہے کہ اپنی انتخابی مہم کے دوران سے صدر ٹرمپ اپنے مختلف بیانات کے ذریعے ماحولیات اور سائنس کے شعبے کے لیے اپنی غیر دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔

اپنی انتخابی مہم میں کئی بار ٹرمپ نے کلائمٹ چینج کو ایک وہم اور مضحکہ خیز چیز قرار دیا۔

ٹرمپ کا انتخابی منشور بھی ماحول دشمن اقدامات سے بھرا پڑا ہے۔ وہ امریکا کی دم توڑتی کوئلے کی صنعت کو دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کر چکے ہیں یعنی اب امریکا میں بیشتر توانائی منصوبے کوئلے سے چلائے جائیں گے۔

یہی نہیں وہ گیس اور تیل کے نئے ذخائر کی تلاش کا ارادہ بھی رکھتے ہیں جن کے لیے کی جانے والی ڈرلنگ اس علاقے کے ماحول پر بدترین اثرات مرتب کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کی ماحول دشمن اصلاحات کے خلاف کیلی فورنیا ڈٹ گیا

انہوں نے یہ بھی کہہ رکھا ہے کہ کلائمٹ چینج کے سدباب کے سلسلے میں تمام پروگراموں کے لیے اقوام متحدہ کی تمام امداد بند کر دی جائے گی۔

ٹرمپ یہ اعلان بھی کر چکے ہیں کہ وہ گزشتہ برس اقوام متحدہ میں ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے طے کی جانے والی پیرس کلائمٹ ڈیل سے بھی علیحدہ ہوجائیں گے جس کے بعد دنیا بھر میں ماحولیات کی بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو ناقابل تلافی نقصان پہننے کا اندیشہ ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -