کراچی کے مختلف علاقوں میں بے ہنگم تعمیرات اور غیر قانونی پورشنز کے خاتمے کیلیے کمشنر کراچی نے پورشن مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا تہیہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے کمشنر سید حسن نقوی کی زیر صدارت غیرقانونی تعمیرات کیخلاف اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو لنک کے ذریعے کمشنرکراچی کو بریفنگ دی، کمشنر کراچی نے کہا کہ شہر میں غیرقانونی تعمیرات اور پورشن مافیا کیخلاف سخت اقدامات کئے جائیں۔
اس موقع پر ایسوسی ایشن بلڈرز اینڈ ڈیولپرز’آباد‘ کی جانب سے چیئرمین حسن بخشی نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مزید پڑھیں : کراچی میں غیر قانونی پورشن مافیا کیخلاف مؤثر کارروائیاں
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ ماہ اپریل میں کراچی کے ضلع وسطی کی پولیس اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے پورشن مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد کاروائیاں کیں۔
مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے پورشن کی آڑ میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والے 19 ملزمان کے خلاف 3 مقدمات درج جبکہ 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔