پرسٹینا: یورپین چیمپئن شپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پرتگال اور انگلینڈ نے اپنے اپنے میچز جیت کر یورپین چیمپئن شپ 2020 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپین چیمپئن شپ 2020 کے لیے کوالیفائی کرلیا، جبکہ انگلینڈ بھی اپنے کپتان ہینری کین کی بدولت ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔
یورپین چیمپئن شپ دوہزار بیس میں جگہ بنانے کے لیے کئی ٹیموں کے درمیان مقابلے جاری ہیں۔ رونالڈو کی پرتگال نے لکسم بورگ کو ہرا کر ٹائٹل کی دوڑ میں جگہ بنائی، رونالڈو نے پرتگال کے لیے ننیانواں گول اسکور کیا۔
ایک اور میچ میں انگلینڈ نے کوسووو کو آؤٹ کلاس کردیا، انگلش ٹیم نے حریف پر ایک نہ دو بلکہ چار گول داغے، عالمی چیمپئن فرانس نے بھی یورپین چیمپین شپ میں انٹری دے دی ہے۔
رونالڈو کی شاندار ہیٹ ٹرک، لیتھوینیا کو شرمناک شکست
خیال رہے کہ 15 نومبر کو کھیلے جانے والے میچ میں بھی لیتھوینیا کے خلاف پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے حریف کو تگنی کا ناچ نچایا تھا، شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ٹیم کو بھی فتح سے ہمکنار کیا، اسی جیت نے پرتگال کے لیے یورو2020 ٹورنامنٹ میں انٹری کی راہ ہموار کردی تھی۔
اُسی دن انگلش فٹبال ٹیم نے اپنا ہزارواں میچ کھیلتے ہوئے مونٹی نیگرو کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔