آلو ایسی سبزی ہے جسے تمام سبزیوں میں نمایاں مقام حاصل ہے، اس کی وجہ صرف اس کا ذائقہ ہی نہیں بلکہ اس کے طبی فوائد بھی بہت زیادہ ہیں۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر شیف سارہ فرحان نے ناظرین کو آلو کی افادیت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ آلو ایسی فصل ہے جو دنیا بھر میں کاشت کی جاتی ہے اور یہ ان سبزیوں میں شامل ہے جسے چھوٹے بڑے سب ہی نہایت شوق سے کھانا پسند کرتے ہیں، اس لیے اگر اسے سبزیوں کا بے تاج بادشاہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔
اس کی افادیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس میں بہت سے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں، پکے ہوئے آلو کے ایک کپ میں161کیلوریز کے ساتھ ساتھ کاپر، وٹامن بی6، پوٹاشیم، میگنیز، وٹامن سی، فاسفورس، وٹامن بی3، فائبر اور پینٹوتھینک ایسڈ بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابلا ہوا آلو کھانے سے ہائی بلڈ پریشر پر قابو پانا کافی حد تک ممکن ہوجاتا ہے، ایک کپ پکے ہوئے آلوؤں میں29 فیصد کاربو ہائڈریٹس اور تقریباً نو گرام پروٹین پائے جاتے ہیں۔
آلوؤں کے متعلق ایک غلط فہمی یہ بھی پائی جاتی ہے کہ یہ موٹاپے کا سبب بنتے ہیں، اس لیے ڈائٹنگ کرنے والے سب سے پہلے آلو کھانا چھوڑ دیتے ہیں جبکہ کچھ ماہرینِ فٹنس ورزش اور ڈائٹ کرنے والے افراد کو آلو کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آلو کو دنیا بھر میں الگ الگ انداز میں اور مختلف شکلوں میں پکایا جاتا ہے، جن میں فرنچ فرائز، کچلے ہوئے آلو، اسکیلوپڈ آلو، میٹھے آلو فرائز وغیرہ۔
اس کے علاوہ ایک اور چیز ہے جسے سن کر آّپ حیران رہ جائیں گے، وہ ہے آلو کی کھیر جی ہاں ! شیف سارہ نے بتایا کہ بطور شیف میں نے آلو کا کیک بھی بنایا ہے جو بہت ذائقے دار ہوتا ہے۔