ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

پاناما کا فیصلہ ہمارے خلاف آیا تب بھی قبول کریں گے، شیخ رشید

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کلبھوشن کے معاملے پر بھارت سے کوئی ڈیل نہیں ہوگی، حکومت آج بھی کلبھوشن کا نام لینے سے کترا رہی ہے، پاناما کیس کا فیصلہ 17 یا 18 اپریل کو آسکتا ہے، اگر ہمارے خلاف آیا تب بھی اسے قبول کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

کلبھوشن کا نام لینے سے حکومت کا وضو ٹوٹ جائے گا

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کا نام لینے سے حکومت کا وضو ٹوٹ جائے گا، مجھے پورا یقین ہے کہ نوازشریف کو اس ٹرائل، فیصلے کے پورے عمل، چیف آف آرمی اسٹا ف کی جانب سے سزائے موت کے فیصلے کی توثیق کا بالکل علم نہیں ہوگا۔

پاک فوج کوئی رائل آرمی نہیں

ان کا کہنا تھا کہ  پاک فوج کوئی رائل آرمی نہیں، ایک وقت ہوتا تھا جب فوج میں شاہی خاندانوں کے افراد ہوتے تھے اب تو فوج میں اکثریت غریب لوگوں کی ہے، کوئی کسان کا بیٹا ہے تو کوئی استاد کا اور کوئی پروفیسر کا فرزند، غریب لوگوں کی اولاد نے پاکستان کے لیے قربانی دینے کا عزم کیا ہوا ہے۔

پاناما کا فیصلہ میرے کیس پر آئے گا

 شیخ رشید نے کہا کہ فوجی جوان تو جانوں پر جانیں دے رہے ہیں جبکہ حکمران طبقہ مال پر مال سمیٹنے میں مصروف ہے، اب انشاءاللہ پانامہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں آئے گا،میں پورے وثوق سے کہتا ہوں کہ پانامہ کیس کا فیصلہ شیخ رشید احمد کے کیس پر آئے گا کیونکہ آرٹیکل 62 اور 63 کا کیس تو میں ہی عدالت میں لے کے گیا تھا۔

 ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وکلا 371 سوالات میں سے ایک کا بھی تسلی بخش جواب نہ دے سکے، پانامہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں اور انصاف ومیرٹ کی بنیاد پر ہی آئے گا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ جب ناانصافی قانون بن جاتی ہے تو اس کے سامنے کھڑا ہونا اور مقابلہ کرنا اصل جواں مردی اور بہادری ہے، ہمار ے ملک میں ایک پٹواری یا چوکی دار کو چوری میں پکڑنا کوئی مشکل نہیں،  غریب کو چھوٹی موٹی چوری میں پکڑاجاتا ہے لیکن جن کے لیے قطری خط آتے ہیں ان کو پکڑنا آسان نہیں ہوتا۔

پاناما کا فیصلہ ہمارے خلاف آیا تب بھی قبول کروں گا

ان کا کہنا تھا کہ اب معاملات تبدیل ہوچکے ہیں حکمران طبقہ دولت یہاں سمیٹ کر برطانیہ میں جمع کرتے ہیں جج نے کہا تھاکہ بچے دو اور کمرے چار، میں ایمانداری سے کہتا ہوں کہ اگر پانامہ کا فیصلہ میرے خلاف بھی آیا تو میں صدق دل سے قبول کروں گا۔

برآمدات کی شرح 25 فیصد سے بھی گر چکی

چیئرمین عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ ملک میں برآمدات کی شرح 25 فیصد سے بھی گر چکی ہے جبکہ درآمدات میں تین گنا اضافہ ہوگیا ہے جن لوگوں کو آپ کافر کہہ رہے ہیں وہاں تو بلی کو بھی مارنا ممکن نہیں اور یہاں ایک پیر 20 افراد کو قتل کرتا ہے تو اس کے خلاف کوئی مدعی بننے کو تیا ر نہیں۔

17 یا 18 اپریل کو پانامہ کا فیصلہ آسکتا ہے

پانامہ کیس کے فیصلے سے متعلق شیخ رشید احمد نے کہا کہ 17 یا 18 اپریل کو پانامہ کا فیصلہ آسکتا ہے کیونکہ اگلے ہفتے پانامہ بینچ کے جج صاحباں یہاں موجود ہیں، پانامہ کیس کا فیصلہ ملک کے بہتر مفاد میں ہی آئے گا۔

پانامہ فیصلے کے بعد الیکشن کے امکانات نہیں

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 20 کروڑ لوگوں میں سے میں ہی عوام کو امید دلاتا ہوں عوام کو ناامید نہیں ہونا چاہیے، اگلے انتخابات سے متعلق شیخ رشید نے پیش گوئی کی کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد الیکشن ہونے کے امکانات نہیں۔

اگلے انتخابات تاریخ کے سب سے غیر جانب دارانہ انتخابات ہوں گے

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ انتخابات پاکستان کی تاریخ کے سب سے غیر جانب دارانہ انتخابات ہوں گے،  فوج پولنگ اسٹیشن کے اندر بھی کھڑی ہوگی فیصلہ جس دن آئے گا اس رات حلقہ 55 اور 56 میں انتخابی دفتر کھول دوں گا۔

عزیر بلوچ کی گرفتاری زرداری کے لیے سب سے تشویش ناک بات ہے

انہوں نے عزیر بلوچ سے متعلق کہا کہ اس پر سیکڑوں افراد کے قتل کا الزام ہے، خالد شہنشاہ کی موت کا الزام بھی اس پر ہے، عزیر بلوچ کا کیس آصف زرداری کے لیے سب سے تشویش ناک خبر ہے۔

پارلیمنٹ کے افراد کو پتا ہی نہیں ان کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کہاں سے آئے

سندھ میں ہر جانب کرپشن کی بھر مار ہے ایک سابق مرحوم پارلیمنٹرین نے کہا کہ پتہ نہیں یہ 9 کروڑ روپے کس طرح میرے اکاﺅنٹ میں آئے، آصف علی زرداری کی بہن نے کہا کہ پتہ نہیں یہ 5 کروڑ روپے میرے بینک اکاﺅنٹ میں کیسے آئے،  یہ کروڑوں کو سو دو سو روپے سے بھی حقیر سمجھتے ہیں ایسے حالات میں کیا سول وارنہیں ہوگی ؟کیا بھوکے ننگے انہیں نہیں نوچیں گے ؟

ان کا کہنا تھا کہ  یہ اربوں کھربوں کے کھلاڑی ہیں سیاست کو کاروبار سمجھتے ہیں، کارخانے اور شوگر ملز دکھانے کے لیے لگاتے ہیں۔

کیا عز یر بلوچ نے حساس معلومات بیرونی ایجنسیوں کو فراہم کی ؟ اس  سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ فوج ویسے تونہیں پکڑتی ظاہر ہے ان کے پاس ثبوت ہوں گے ، فوج کے پاس بھی قانونی ماہرین کی ٹیم ہوتی ہے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جن سیاست دانوں کے اثاثے بیرونی ممالک میں ہو وہ آزادانہ فیصلے کرنے کے اہل نہیں ہوتے امریکا سمیت دنیا بھر کے ممالک کو ہمارے حکمرانوں کی چوری کا علم ہے  میں سمجھتا ہوں کہ کوریا میں کرپشن کے خلاف جو تحریک چلی ہے اب وہ برازیل تک پہنچ چکی ہے اور انشا ءاللہ پاکستان میں بھی اس قسم کی تحریک چلے گی، دیر ہے اندھیر نہیں ۔

عمران کے ساتھ حق اور سچ کی دوستی ہے

عمران خان کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کے ساتھ حق اور سچ کی دوستی رکھتا ہوں، کیا پانامہ کیس کے حوالے سے عمران خان اور آرمی چیف کی بات چیت ہوئی؟ اس سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا آپ کیا سمجھتے ہیں کہ اس ملاقات میں رضیہ بٹ کے ناول پر بات ہونی چاہئے تھی؟

شادی سے نماز جنازہ تک پانامہ لیکس پر بحث ہورہی ہے

انہوں نے کہا کہ یہ 20 کروڑ افراد بے وقوف نہیں جب فیصلہ آئے گا تو دیکھیں حکمران طبقے کے ساتھ کیا کیا جاتا ہے؟ ایک گھنٹے سے زائد کی ملاقات میں اہم ایشو تو پانامہ کیس ہی رہا اگر ہر جگہ قطری سموسہ اور پاناما ٹی اسٹال لگا ہو تو اس کی کوئی نہ کوئی وجہ ضرور ہے ہر پاکستانی کو قطری خط اور پانامہ لیکس کا پتہ لگ چکا ہے شادی سے لے کر نماز جنازہ تک ہر جگہ پانامہ لیکس پر بحث ہورہی ہے، تولامحالہ ہماری ملاقات کا اہم ایجنڈا بھی پانامہ کیس ہی تھا اس کے علاوہ ملک کو درپیش دوسرے ایشوز پر بھی بات چیت ہوئی۔

فوج نے سلیقے سے پیغام دیا کہ وہ قوم کے ساتھ کھڑی ہے

24ویں آئینی ترمیم سے متعلق شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ اس بل کے آنے سے پہلے ہی آئے گا،فوج نے انتہائی سلیقے سے قوم کو یہ پیغام دیا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑی ہے،  پانامہ کیس کا جو بھی فیصلہ آیا بے شک اگر نواز شریف کے حق میں بھی ہو تو فوج اس کو قبول کرے گی۔

قمر باجوہ نے سعودی عرب کی غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی

جنرل قمر باجوہ کے حوالے سے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سعودی عرب گئے وہاں کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی، وہاں سے لند ن گئے اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کا دفتر خارجہ نالائق ہے فاطمی صاحب کو تو ویسے بھی فوج سے چڑ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ان غیر منتخب لوگوں کو نواز شریف کا وزیر ہی نہیں مانتا ہوں وزیر وہ ہو تا ہے جو براہ راست عوامی ووٹوں سے منتخب ہوکر آتا ہے۔ انہوں نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ 55 اور 56 میں الیکشن لڑیں گے ان دونوں حلقوں میں اس حکومت کو شکست فاش دیں گے کیونکہ لوگ حکمرانوں سے نفرت کرتے ہیں۔

رینجرز صحیح وقت پر پنجاب میں آئی ہے  

آپریشن ردالفساد کے حوالے سے رینجرز کو پنجاب میں داخل ہونے سے متعلق شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ رینجرز صحیح وقت پر پنجاب میں آئی ہے  پنجاب حکومت چیخ رہی تھی کہ ان کو آنے نہیں دیا جائے گا ابھی طاہر القادری کے ماڈل ٹاﺅن کا کیس ہے جس میں پنجاب حکومت کی ایما پر 24 افراد کو گولیوں سے بھوناگیا جن میں حاملہ عورتیں بھی شامل تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جو لوگ مسجدوں میں جاکر میاں نواز شریف کے لیے دعائیں کررہے ہیں یہ صرف وقت کے پجاری ہیں اگر نواز شریف کی حکومت نہیں رہے گی تو یہ کسی اور کے لیے دعائیں کریں گے ۔

ڈ ان لیکس سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار نے قوم کو خبر دی ہے کہ عسکری اور سویلین اداروں میں اتفاق نہیں میں سمجھتاہوں کہ فوجی ایجنسیاں پرویز رشید کی قربانی کو قبول نہیں کررہے ہیں انہیں بڑا بکرا چاہے۔

مکمل پروگرام کی ویڈیو:

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں