اسلام آباد: حکومت نے پاور سیکٹر کے لیے مزید 50 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق رواں مالی سال اب تک پاور سیکٹر کو سبسڈی کی مد میں 159 ارب روپے جاری ہو چکے ہیں، تاہم اب مزید 50 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی کااجرا پائپ لائن میں ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی سہ ماہی میں پاور سیکٹر سبسڈی کے لیے 128 ارب روپے جاری کیے گئے تھے، دوسری سہ ماہی میں اب تک 31 ارب سبسڈی کی مد میں جاری کیے جا چکے ہیں، مزید 50 ارب کے بعد مجموعی جاری شدہ سبسڈی 209 ارب سے بڑھ جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے دسمبر تک طے شدہ ہدف کے مقابلے میں گردشی قرضوں کا فلو بہت کم ہے۔ آئی ایم ایف سے طے شدہ دسمبر 2024 کے ہدف کے مطابق پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ کا فلو 461 ارب روپے کے اندر برقرار رکھنا ہے جبکہ 19 دسمبر 2024 تک سرکلر ڈیٹ کا ہدف صرف 70 ارب روپے تک پہنچا جوکہ ہدف سے کہیں کم ہے۔
حکومتی ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ نقصانات میں کمی اور کارکردگی میں اضافے کے نتیجے میں پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ کے حوالے سے آئی ایم ایف کے ہدف کو بہ آسانی حاصل کر لیا جائے گا۔