کراچی : بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان کے الیکٹرک صارفین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی ، بلوں میں بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں صارفین کیلئے بجلی فی یونٹ 4 روپے 95 پیسے سستی ہونے کا امکان ہے۔
کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی درخواست کررکھی ہے ، نیپرا اتھارٹی کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت کرے گی۔
درخواست دسمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے ، منظوری کی صورت میں صارفین کو4 ارب 94 کروڑ کا ریلیف ملے گا۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے حکومت نے بجلی صارفین کو اضافی وصولیاں واپس کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے فی یونٹ کمی کی جائے گی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کی ہے ، جس پر نیپرا اتھارٹی 27 فروری کو درخواست پر سماعت کرے گی۔
جنوری میں ڈسکوز کو 7ارب 81کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی جس کی پیداواری لاگت 10 روپے 78 پیسے فی یونٹ رہی، جنوری کے لئے ریفرنس فیول لاگت 13روپے 1پیسے فی یونٹ رہی۔