لاہور: الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 کا فارم 47 جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی پی 52 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا ہے، ای سی پی کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق مسلم لیگ ن کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے 78702 ووٹ حاصل کیے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ فاخر نشاط گھمن نے 39018 ووٹ حاصل کیے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار راحیل کامران چیمہ نے 6832 ووٹ حاصل کیے، جب کہ تحریک لبیک کے امیدوار شفاعت علی نے 4851 ووٹ حاصل کیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی حلقے میں ووٹوں کا ٹرن آؤٹ 44.79 فی صد رہا، حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد 130837 ہے، جب کہ مسترد ووٹوں کی تعداد 2259 ہے۔
پی پی 52 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ جاری
خیال رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ارشد وڑائچ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جن کی بیٹی حنا ارشد وڑائچ مسلم لیگ ن کی امیدوار تھیں، اور انھوں نے یہ نشست جیت لی۔
اس نشست پر 14 امیدوار میدان میں تھے، حلقے میں سمبڑیال اور ڈسکہ کی 18 یونین کونسلیں شامل ہیں، نون لیگ اور پی ٹی آئی میں کانٹے کا مقابلہ تھا، تینوں بڑی جماعتوں نے انتخابی مہم میں بڑے جلسے کیے، سیاسی قائدین بھی اپنے امیدواروں کی انتخابی مہم میں شریک رہے، حلقے کے ووٹرز کی بھرپور دل چسپی کے باعث عام انتخابات جیسا ماحول تھا۔