میئر کراچی کے انتخاب کے دوران آرٹس کونسل کے باہر جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان جمع ہوگئے اور ان کے درمیان جھگڑا ہوا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق میئر کراچی کے انتخاب کے دوران آرٹس کونسل کے باہر جمع ہونے والے جماعت اسلامی اور پی پی کے کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے نعرے لگائے اور عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جس کے باعث آرٹس کونسل کے گیٹ کو تالا لگا دیا گیا۔
پولیس نے کارکنوں کو پیچھے ہٹا دیا تاہم وہ کچھ دیر بعد پھر ایک دوسرے کے مدمقابل آگئے اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی ممبران کو آرٹس کونسل کے اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا، انہیں روکا گیا اور وقت سے پہلے دروازے پر تالا لگا دیا گیا، دوسری جانب پیپلز پارٹی نے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری صورتحال کنٹرول کرنے کے لیے آرٹس کونسل کے باہر موجود ہے جب کہ حالات کشیدہ ہونے کے پیش نظر پولیس نے اینٹی رائٹ فورس کو اسٹینڈ بائے کر دیا ہے اور واٹر کینن بھی آرٹس کونسل پہنچا دی گئی ہیں۔