اسلام آباد: پیپلزپارٹی شہبازشریف کی حمایت میں کھل کرسامنے آگئی، خورشید شاہ نے حکومت کو دھمکی دی ہے کہ اگر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی تو اسمبلی کی کارروائی نہیں چلنے دیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے حکومت کو دھمکی دی کہ اگر حکومت نے اپنا طریقہ کار نہ بدلا تو ایوان میں شدید احتجاج ہوگا، عمران خان اسمبلی میں بھی اپوزیشن کی سیاست کررہی ہیں۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد لاکر دکھائے اگر ایسا ہو تو کارروائی نہیں چلنے دیں گے۔
مزید پڑھیں: شہبازشریف کو پی اے سی کی چیئرمین شپ سے ہٹایا تو حالات بگڑجائیں گے، خواجہ آصف
وزیراعظم پاکستان کے کامیاب دورہ متحدہ عرب پر بھی خورشید شاہ نے تنقید کی اور کہا کہ ’آئی ایم ایف کی چیف سے ملاقات کر کے عمران خان نے قوم کا سر شرم سے جھکا دیا‘۔
یاد رہے کہ حکومت اور اپوزیشن نے طویل مذاکراتی عمل کے بعد شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین منتخب کیا تھا جبکہ شیخ رشید احمد سمیت دیگر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شہبازشریف کے نام پر تحفظات کا اظہار کیا۔
تحریک انصاف کے سینئر صوبائی رہنما علیم خان نے نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے فوری بعد الزامات کی تحقیقات تک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جس کے بعد پی ٹی آئی نے بھی شہبازشریف سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا۔
حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف تحریک عدم اعتماد لاکر انہیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے ہٹا دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بنانے پر پی ٹی آئی میں بھی آوازیں اٹھنے لگیں
قبل ازیں مسلم لیگ ن نے بھی اعلان کیا ہے کہ اگر شہباز شریف سے پی اے سی کا عہدہ واپس لیا گیا تو ملک کے سیاسی حالات بگڑ جائیں گے۔