جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

پیپلز پارٹی نے ملک بھر سے سینیٹ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی ملک بھر سے سینیٹ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی پی نے اپنے سینیٹ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا، جن میں سندھ، پنجاب، خیبر پختون خوا اور اسلام آباد سے ارکان کے نام شامل کیے گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی سینیٹ امیدواروں میں سندھ سے جام مہتاب ڈہر، تاج حیدر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان اور شہادت اعوان شامل ہیں، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر کریم خواجہ اور  فاروق ایچ نائیک امیدوار ہوں گے، خواتین کی نشستوں پر پلو شہ خان، خیرالنسا مغل کے نام فائنل کیے گئے ہیں، جب کہ  رخسانہ شاہ کورنگ امیدوار ہوں گی۔

پنجاب سے جنرل نشست پر عظیم الحق منہاس، خیبر پختون خوا سے فرحت اللہ بابر اور اسلام آباد سے یوسف رضا گیلانی شامل کیے گئے ہیں۔

پنجاب سے راجہ عظیم الحق، راجہ پرویز اشرف کے داماد ہیں، انھوں نے باقاعدہ طور پر کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے ہیں، راجہ عظیم الحق کو پی ڈی ایم کا مشترکہ امیدوار بنانے کے لیے بھی ن لیگ سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے 7 ارکان ہیں۔

سینیٹ انتخابات : تحریک انصاف نے امیدواروں کے نام فائنل کرلئے

ادھر سینیٹ الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کے صادق علی میمن نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔

واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کے لیے اسلام آباد کی 2 نشستوں پر اب تک 23 کاغذات نامزدگی حاصل کیے جا چکے ہیں، ذرائع کے مطابق عبدالحفیظ شیخ نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے ہیں، جب کہ پی ٹی آئی کی ٹکٹ ہولڈر فوزیہ ارشد نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔

نمائندہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 3 مارچ کو سینیٹ کے انتخابات ہوں گے، سندھ اسمبلی کو پولنگ کا درجہ دیا گیا ہے، سینیٹ انتخابات کی پوری تیاریاں کر لی ہیں، اگر کاغذات نامزدگی کے وقت میں توسیع کی جائے گی تو اس کا کل ہی بتا سکیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں