پیپلزپارٹی نے وفاقی بجٹ کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز لیبر بیورو کے انچارج چوہدری منظور احمد نے کہا کہ امیروں نے امیروں کے لیے بجٹ بنایا جس میں عوام کے لیے کچھ بھی نہیں۔
چوہدری منظور نے کہا کہ حکومتی معاشی پالیسی کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گے، اس حوالے سے ہر حد تک جائیں گے، تمام ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کے ہر طبقے کا بجٹ بڑھایا، کیا ساری مالی مشکلات غریبوں کے لیے ہے؟ احتجاج کے لیے ملک بھر کی ٹریڈ یونینوں سے رابطے کررہے ہیں۔
چوہدری منظور نے مزید کہا کہ اسپیکر اور چیئرمین کی تنخواہوں میں اضافے کو مالی فحاشی کہا جارہا ہے، کابینہ،ارکان پارلیمنٹ سمیت تمام اشرافیہ کی تنخواہوں میں اضافہ مالی فحاشی ہے۔
دوسری جانب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بار بار کراچی کو نظر انداز کر رہی ہے، کراچی کو نظر انداز کریں گے تو مسائل تو ہوں گے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وفاق کو کراچی کے انفرا اسٹرکچر پر معاونت کرنی چاہیے، کراچی قومی خزانے کی معاونت کرتا ہے، کے فور کیلئے واپڈا 40 ارب روپے مانگ رہا ہے، کے فور کیلئے 10 فیصد سے بھی کم رقم الاٹ کی گئی، امید ہے وزیر اعظم سنجیدگی سے معاملے کا نوٹس لیں گے۔
بجٹ 26-2025 میں سولر پینل پر ٹیکس سے پریشان شہریوں کیلیے بڑی خوشخبری