کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثارکھوڑو نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے خلاف کراچی کا بچہ بچہ سراپا احتجاج ہے جس کے لیے 23 اپریل کو کراچی میں دھرنا دیا جائے گا۔
نثار کھوڑو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ 23 اپریل کوسندھ بھر میں لوڈشیڈنگ کے خلاف دھرنا دیا جائے گا جب کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں 30 اپریل کو دھرنا دیں گے لوڈشیڈنگ کے خلاف صوبائی سطح پر 14 مئی کودھرنا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق حکیومت سندھ کو بجلی فراہم نہیں کر رہی ہے جب کہ سندھ سے گیس سے لی جاتی ہے لیکن جائز حق نہیں دیا جاتا اور گزشتہ 3 سال سے سندھ حکومت کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ وفاق کو سندھ کا حق دینا ہوگا ہم سندھ کے باسیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور سندھ کو اندھیروں میں دھکیلنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ سندھ کو کیوں نظر انداز کیا گیا ہے جب کہ ہمارے احتجاج پر سنجیدہ ردعمل دینے کے بجائے احتجاج کو سندھ کارڈ کھیلنے سے تشبیہ دی جا رہی ہے تا کہ ہمارے مطالبات سے لوگوں کی توجہ ہٹائی جا سکے۔
سینیئر وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ نوازشریف نے سندھ کا پانی چوری کیا اور اب وہ بجلی بھی چوری کررہے ہیں لہذا اب پیپلز پارٹ سندھ کے وسائل سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور جائز حقوق کے لیے احتجاج جاری رکھے گی۔