کراچی: پیپلزپارٹی نے فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی جس میں ن لیگ کے سوا تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس اور ذیلی کمیٹی کے اجلاس جاری ہیں تاہم سیاسی جماعتیں متفق نہیں ہوپارہیں، پیپلز پارٹی نے اس ضمن میں آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کا کہنا ہے کہ فوجی عدالتوں کا فیصلہ اے پی سی میں ہی ہوگا، حکومت نے فوجی عدالتوں کی مدت 3 کی بجائے 2 سال کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے جبکہ ریاست کے خلاف کارروائی کے الفاظ میں بھی ترمیم کردی گئی ہے، حکومتی مسودہ پارٹی قیادت کے سامنے پیش کریں گے۔
نوید قمر کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر قائم ہے، آل پارٹیز کانفرنس 4 مارچ کو اسلام آباد میں ہوگی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
دہشت گردی کی ذمہ دار ن لیگ ہے اس لیے دعوت نہیں دی، سینیٹر عبدالقیوم
اسی ضمن میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر عبدالقیوم نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہرموجود تمام جماعتوں کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دے دی ہے ابھی دعوت زبانی دی ہے تاہم یقینی شرکت کے لیے پی پی کا وفد سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام جاعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ہمیں حکومت کی ناکام پالیسی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، کانفرنس میں پی پی کی اعلیٰ قیادت موجود ہوگی، شریک چیئرمین زرداری کانفرنس کی صدارت کریں گے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ ن لیگ کے سوا تمام جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی ہے، دراصل تمام تر حالات کی خرابی،ملک پر قرضوں کا بڑھنا، دہشت گردی اور بے روزگاری کی ذمہ دار ن لیگ ہے اس لیے انہیں دعوت نہیں دیں گے۔