اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کے علاج کے لیے نجی میڈیکل بورڈ بنایا جائے، سرکاری بورڈ نے آصف زرداری کی صحت کو لاحق سنجیدہ مسائل کی نشان دہی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی پی نے جیل حکام کو نجی طبی بورڈ کے لیے درخواست دے دی ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سرکاری بورڈ کی جانب سے آصف زرداری کی صحت کو لاحق سنجیدہ مسائل کی نشان دہی کے بعد خاندان اور پارٹی کے اطمینان کے لیے نجی ڈاکٹروں اور ماہرین کا بورڈ بنایا جائے۔
جیل حکام کو لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ نجی میڈیکل بورڈ کا مطالبہ سرکاری ڈاکٹروں کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے، سرکاری بورڈ نے آصف زرداری کی صحت کے حوالے سے خطرے کا اظہار کیا، بورڈ نے کہا شریانوں میں خون کا جمنا آصف زرداری کی زندگی کے لیے خطرناک ہے، شوگر لیول بھی خطرناک حد تک اوپر نیچے ہو رہا ہے۔
تازہ ترین: نواز شریف اور مریم نواز جاتی امرا پہنچ گئے
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آرتھو بیڈنگ نہ ملنے سے کمر کے دیرینہ مرض نے شدت اختیار کرلی ہے، سرکاری بورڈ نےعلاج کے لیے نیورولوجسٹ کی مدد لینے کی بھی سفارش کی ہے۔
دریں اثنا، بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ قانون ہر شخص اور قیدی کے علاج معالجے کی ضمانت دیتا ہے، آصف زرداری کے علاج کا مطالبہ رعایت نہیں بلکہ قانونی حق ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں وفاق کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، آصف زرداری کو ذاتی معالج سے ملنے کی اجازت دی جائے۔