سانگھڑ: سندھ کے حلقہ پی ایس 43 سانگھڑ کے غیرسرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی امیدوار جام شبیر علی نے کامیابی حاصل کرلی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے حلقہ پی ایس 43 سانگھڑ کے تمام 132 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے جام شبیر علی 48 ہزار 28 ووٹ لے کر کامیااب ہوگئے۔
غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے مشتاق جونیجو 6 ہزار 925 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 43 میں ووٹرز کی کل تعداد ایک لاکھ 57 ہزار 210 تھی، یہ نشست پیپلز پارٹی کے جام مدد علی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
اس نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں مجموعی طور پر 7 امیدوار حصہ لے رہے تھے تاہم اصل مقابلہ پیپلز پارٹی کے جام شبیر علی اور پی ٹی آئی کے مشتاق جونیجو کے درمیان تھا۔
دوسری جانب پی بی 20 پشین میں 89 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی ڈی ایم کے عزیز اللہ آغا 13 ہزار 455 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے عصمت اللہ ترین 6 ہزار 109 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی بی 20 پشین میں آزاد امیدوار عصمت آغا ایک ہزار 440 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔