مظفر آباد : پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیرترجمان نے اپنے ایک تازہ بیان میں آزاد کشمیر میں ہونے والی الیکشن کو جھرلو الیکشن قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ ن پر دھاندلی کا الزام لگایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے الیکشن کو سائنسی انداز میں چرایا گیا ہے جن حلقوں مین مسلم لیگ کے امیدوار کمزور ترین پوزیشن میں تھے اور وہاں سے خود مسلم لیگ ن کو جیتنے کی امید نہ تھی وہاں سے بھی مسلم لیگ ن کو جتوا دیا گیا ہے،یہ بدترین دھاندلی جدید ترین شکل ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان مین مزید کہا گیا ہے کہ آذاد کشمیر میں بھی اسی طرح جھرلو پھیرا گیا جیسا پاکستان میں 2013 کے الیکشن میں پھیرا گیا تھا اُس وقت بھی مسلم لیگ ن نے اپنے آقاؤں کی مدد سے فتح حاصل کی تھی اور آج یہ تاریخ ایک بار پھر کشمیر میں دہرائی گئی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے عہدیدار کل صبح گیارہ بجے پریس کانفرنس کرے گی اور عوام کے سامنے دھاندلیوں کے ناقابل تردید ثبوت میڈیا کے ذریعے پیش کریں گے،انہوں اس عزم کا اعادہ کیا کہ دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن اور عدلیہ سمیت ہر فورم کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔