کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکمران جماعت کے پانچ ایم این ایز کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ، پاکستان پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ حکمران جماعت کے پانچ ایم این ایز نے حمایت کی یقین دہانی کرادی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے پانچ ایم این ایز کے نام صیغہ راز میں رکھے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 5 حکومتی ایم این ایز نے بلاول کو استعفیٰ جمع کرادیا ہے ، بلاول بھٹواہم مرحلے پر5 حکومتی ایم این ایز کے نام سامنے لائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) سمیت اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کے اقدام کی حمایت حاصل کرنے کے لیے حکومتی اتحادیوں سے ملاقاتیں کر رہی ہیں۔
گذشتہ روز یہ بات سامنے آئی تھی کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے 8 ارکان (ایم این اے) پارٹی چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ یہ ایم این ایز پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے ٹکٹ پر اگلا الیکشن لڑیں گے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ اراکین میں نصراللہ گھمن، عاصم نذیر، نواب شیر وسان، راجہ ریاض، ریاض فتیانہ، خرم شہزاد، غلام بی بی بھروانہ اور غلام محمد لالی شامل تھے۔