کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف نے 1990 کی دہائی والی انتقامی سیاست شروع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے لندن سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کو وزیراعظم ہاؤس کے احکامات پر مفلوج کیا جارہاہے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے اپنے بیان میں کہا کہ کیا سانحہ ماڈل ٹاؤں کے مجرمان دہشت گرد نہیں تھے، پیسے لینے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے باوجود مسلم لیگ ن کے وزیر کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
آصف علی زرداری نے مطالبہ کیا کہ اصغر خان کیس کو بھی دوبارہ کھولاجائے اورتمام کرداروں پر ہاتھ ڈالا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہاکہ سب سے پہلے میاں برادران کے لئے منی لانڈرنگ کرنے والے وفاقی وزیر کو گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے ایک بار پھر اپنے موقف کا اعادہ کیا کہ 2013 کے انتخابات کے کو جمہوریت کی بقا کے لئے قبول کیا تھا، آج الیکشن ٹریبیونل کے فیصلے ہمارے موقف کی حمایت کررہے ہیں 2013کا الیکشن آر اوز کا الیکشن تھا۔
سابق صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی خدمات کو سراہتے الزام عائد کیا کہ نواز شریف اپنے روایتی حلیف طالبان کو بچانے کے لئے قوم کو تقسیم کرنے کی سازش کررہے ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سرحد پر ہمارا ازلی دشمن گولہ باری کرکے نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہا اور نواز شریف بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے بجائے پیپلز پارٹی کو انتقام کا نشانہ بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتقام کی سیاست جاری رکھی گئی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک سربراہ کا یہ بیان اس موقع پر سامنے آیا ہے جب بحیثیت سابق صدر ان پر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی پابندی بھی چند دنوں میں ختم ہونے والی ہے۔ ساب صدر ستمبر 2013 تک صدرِ پاکستان رہے تھے۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابرنے اعلان کیا تھا کہ سابق صدرآصف علی زرداری کچھ دیر میں اہم بیان جاری کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹرعاصم حسین کو گرفتارکرکے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت سے 90 روز کا ریمانڈ حاصل کیا تھا، ان کی گرفتاری کے خلاف اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سمیت پیپلز پارٹی کی کئی اہم شخصیات اپنے ردعمل کا اظہار کرچکی ہیں۔
سابق صدر لگ بھگ دو ماہ قبل پاکستان سے دبئی کے لئے روانہ ہوئے تھے اس کے بعد سے وطن واپس نہیں آئے ہیں۔
سابق صدر آصف زرداری کےمکمل بیان کا اردو عکس
سابق صدر آصف زرداری کےمکمل بیان کا انگریزی عکس