کراچی: پیپلزپارٹی نےسندھ کابینہ میں ایک بار پھر توسیع کافیصلہ کیا ہے، مزید معاون خصوصی شامل کرنے کے ساتھ ساتھ وزراء کےمحکموں میں تبدیلی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ صحت، تعلیم اور بلدیات کی کارکردگی پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کے بعد کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 سے5 نئےمعاون خصوصی کابینہ میں شامل کئے جائیں گے جب کہ موجودہ وزراء کےمحکموں میں ردوبدل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم سمیت مختلف محکمے وزراء کو دیے جانے کا امکان ہے، اس وقت محکمہ تعلیم وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے پاس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ کابینہ میں توسیع: وزیراعلیٰ کیلئے مزید 5معاونین خصوصی مقرر
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں ردوبدل کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت اہم عہدیدارن سے مشاورت جاری ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 4 اگست کو سندھ کابینہ میں 4 نئے وزراء کو شامل کیا گیا تھا، ناصرحسین شاہ ،عبدالباری پتافی ،اکرام دھاریجو اورسہیل انور سیال نے بطور وزیر حلف اٹھایا تھا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اُن سے حلف لیا تھا.