اسلام آباد : پیپلزپارٹی کا وفد آج الیکشن کمیشن حکام سےملاقات کرے گا، ملاقات میں پیپلز پارٹی نوے دن میں عام انتخابات کا مطالبہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی عام انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، پیپلزپارٹی کا 7 رکنی وفد آج الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی وفد میں نیئر بخاری، نوید قمر، فیصل کریم کنڈی اور تاج حیدر ، مرادعلی شاہ،شیری رحمان،فاروق نائیک شامل ہوں گے۔
ملاقات میں پیپلزپارٹی وفد آج الیکشن کمیشن میں اپنا مؤقف پیش کرے گا اور 90 روز کے اندر الیکشن کرانے کے لئے اپنا مؤقف سامنے رکھے گا۔
پی پی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی نے پارٹی وفد کو واضح ہدایت دی ہے، پیپلزپارٹی کی قانونی ٹیم حلقہ بندیوں کا دورانیہ کم اور دیگرقانونی دلائل دے گی اور الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے بعد نوے دن میں عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کرے گی۔
گذشتہ روز الیکشن کمیشن حکام نے ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی سے مشاورت کی تھی جبکہ اس سے قبل پی ٹی آئی،ن لیگ، جے یو آئی کے وفود پہلے ہی الیکشن کمیشن سے مشاورت کر چکے ہیں۔