دبئی : رینجرز اختیارات، پاناما لیکس اور آزاد کشمیر انتخابات پر پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی قیادت کا دو روزہ اہم اجلاس طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے دو روزہ اہم اجلاس کی قیادت سابق صدر آصف علی زرداری کریں گے جبکہ اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سمیت پیپلزپارٹی کی اہم قیادت اور سندھ حکومت کے اہم وزراء کل صبح دبئی روانہ ہوں گے۔
پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں رینجرز کے خصوصی اختیارات، سندھ حکومت کی کارکردگی اور پانامہ لیکس اور کشمیر الیکشن کے حوالے سے غور و خوض کیا جائے گا، سابق صدر آصف علی زرداری نے تمام معاملات میں قانونی مشاورت کے لیے فارق ایچ نائیک اور سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ’’دبئی اجلاس میں کراچی میں صفائی ستھرائی کی صورتحال، نئے چیلجز سے نمٹنے اور آزاد کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ ن کے خلاف تحریک چلانے پر بھی غور کیا جائے گا۔
قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور سندھ کے اہم وزراء کو طلب کیا اور کور کمانڈر کراچی نوید مختار سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات طلب کی، قائم علی شاہ نے بلاول بھٹو زرداری کو تمام تفصیلات سے آگاہ کیا، جس کے بعد بلاول بھٹو زرداری اہم پیغام لے کر دبئی روانہ ہوں گے۔