پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

پیپلزپارٹی میرا خاندان ہے، چھوڑنے کا کوئی امکان نہیں، اعتزاز احسن

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزازاحسن کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی میرا خاندان ہے، چھوڑنے کا کوئی امکان نہیں۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزازاحسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک گروہ کو سب سے پہلے خبر مل گئی کہ پیپلزپارٹی چھوڑکرپی ٹی آئی جارہاہوں، انہوں نے واویلا ڈالا ہوا ہے کہ پیپلزپارٹی قیادت کو میرے خلاف ایکشن لینا چاہئے۔

اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ کہا جا رہا ہے مجھے پارٹی سے نکالا جائے اور پارٹی سی اے سی سے بھی نکالا جائے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ خبردی گئی اعتزاز کو پی ٹی آئی نگران وزیراعظم کے طور پر پیش کرے گی، کہا گیا مجھے وزیراعظم بنانے سے متعلق عمران خان اور میری آڈیو ریکارڈنگ ہے، آڈیو ریکارڈنگ ایک خاص لائبریری سے ایک ہی طرف سے آتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کہا گیا عمران خان ایک ماہ میں واپس آسکتا ہے یہ میرا اور عمران کا گٹھ جوڑہے۔

اعتزازاحسن نے واضح کیا کہ میرا پیپلزپارٹی چھوڑنے کا کوئی امکان نہیں ہے ،پیپلز پارٹی میری فیملی ہے، میں سیاسی انداز کی گفتگو میں یقین نہیں رکھتا۔

عمران خان سے متعلق پی پی رہنما نے کہا کہ عمران خان دوست ہے، 50سال سے دیوار سانجھی ہے اس کا یہیں پیچھے گھر ہے۔

سیاسی اختلاف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کسی سے سیاسی اختلاف ہو تو ایک دم برا بھلا کہنا شروع کردیں، ایسا نہیں کہ سیاسی اختلاف میں راناثنا اللہ کی زبان بولنا شروع کردیں۔

سابق سینیٹر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کومیں ایک خاندان سمجھتا ہوں، جب میں وکلا کی تحریک چلا رہا تھا تو وکلا مطالبہ کرتے تھے کہ پیپلز پارٹی چھوڑدیں، وکلا کہتے تھے پیپلز پارٹی چھوڑدیں یا وکلا تحریک چھوڑ دیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ابھی ایک چینل پر خبر تھی کہ میں بنی گالہ میں بیٹھا ہوا ہوں، عمران خان سرگودھا اور میں لاہورمیں ہوں ،انہیں پتا نہیں کہاں سے خبر آجاتی ہے۔

اعتزازاحسن نے پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرا کسی اور جماعت میں شمولیت کا کوئی امکان نہیں، پیپلز پارٹی کو چھوڑنے کیلئے مجھےمشرف کی جانب سے 2 مئی 2007 کو پیغام ملا لیکن پیپلز پارٹی میری فیملی ہے، اختلاف رائے ہر پارٹی میں ہوتاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو مذہب سیاست کیلئے استعمال نہیں کرتی، پیپلزپارٹی کی میٹنگز میں بھی اختلاف رائے کیا جاتا ہے، آپ کیلئے خبر ہے کہ میں پیپلزپارٹی نہیں چھوڑ رہا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں