پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہے، حکومت کو جانا پڑے گا: بلاول بھٹو

اشتہار

حیرت انگیز

لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہے، حکومت کو جانا پڑے گا، عوام کا خیال رکھنا، روزگار پیدا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو لاڑکانہ میں ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ سپورٹ سینٹر رتو ڈیرو کے افتتاح کے بعد میڈیا ٹاک کر رہے تھے، انھوں نے کہا لاڑکانہ میں ہمارا مقابلہ پی ٹی آئی اور جی ڈی اے سے ہے، اس الیکشن پر مولانا صاحب کا جو کردار ہے اس کا جواب وہی دیں گے۔

انھوں نے کہا لاڑکانہ کے عوام بے نظیر بھٹو کی جماعت پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے، ن لیگ نے کل خود ضمنی الیکشن میں ہماری حمایت کا اعلان کیا ہے، لاڑکانہ سے سلیکٹڈ امیدوار اسمبلی بھیجا گیا تھا، اب دھاندلی نہیں ہوگی تو انشاء اللہ جیت تیر کی ہوگی۔

بلاول کا کہنا تھا سندھ حکومت ایچ آئی وی کے مسئلے پر یونیسیف اور دیگر ملکی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، ایچ آئی وی سے بچنے کے لیے سندھ کے ہر بچے کو آگاہی دینا ہوگی، کوشش ہے ایچ آئی وی سینٹر تیزی سے کام کرے، ایچ آئی وی کے تدارک کے لیے شارٹ اور لانگ ٹرم اسٹریٹجی بنانا ہوگی۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا سازش کے تحت ہر ادارے سے بہت سے لوگ بے روزگار کیے گئے، روزگار پیدا کرنے کی کوشش کرنے کی بجائے اداروں کو بند کیا جا رہا ہے، لوگوں کے پاس روزگار ہوگا تو ہی معیشت کے لیے کردار ادا کر سکیں گے۔

بلاول بھٹو نے خطے میں امن کے لیے کردار ادا کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کی تعریف بھی کی، کہا انھوں نے اچھا اقدام کیا، سعودی عرب اور ایران کا معاملہ حل ہونا چاہیے، افغانستان کی جنگ کی وجہ سے خطے کو نقصان پہنچا، ہم سب کی کوشش ہونی چاہیے اس خطے میں جنگ نہ ہو، ایران میں جنگ ہوتی ہے تو اس کے پاکستان پر برے اثرات پڑیں گے۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے برطانوی شاہی جوڑے کو پاکستان میں آمد پر خوش آمدید بھی کہا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں